شہر میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ، ویکسین کی فراہمی میں غفلت پر درخواست دائر
کراچی(بولونیوز) شہر میں آوارہ کتوں کے حملوں میں تیزی کے بعد شہریوں نے حکومتی کارروائی نہ ہونے اور ویکسین کی کمی کے خلاف عدالت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کر دیا ہے۔
درخواست گزار، وکیل طارق منصور نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے آوارہ کتوں کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ سال 2025 کے دوران صوبے میں کتوں کے کاٹنے کے 29 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ ریبیز سے 22 شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ درخواست گزار نے کہا کہ متعلقہ حکومتی ادارے اپنی ذمہ داریوں میں ناکام رہے ہیں، اور عوامی مفاد کے معاملے کی فوری سماعت کی جائے۔


