امریکی صدر کا وینزویلا کے بعد کولمبیا میں کارروائی کا اشارہ

واشنگٹن(بولونیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے بعد کولمبیا میں ممکنہ کارروائی کا اشارہ دے دیا ہے، جس کے بعد خطے میں سیاسی اور سفارتی تشویش میں اضافہ ہو گیا ہے۔

فلوریڈا سے واشنگٹن واپسی کے دوران طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ کولمبیا اس وقت ایک ’’بیمار آدمی‘‘ چلا رہا ہے اور یہ صورتحال زیادہ عرصے تک برقرار نہیں رہ سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ’’آپریشن کولمبیا‘‘ کا نام پسند ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وینزویلا میں حالیہ کارروائی کے بعد حلف اٹھانے والوں سے معاملات طے کیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسرے حملے کے لیے بھی مکمل تیاری موجود ہے، تاہم ان کے بقول بظاہر اس کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

امریکی صدر نے واضح کیا کہ اس وقت ان کی توجہ انتخابات کے بجائے وینزویلا کی صورتحال کو درست کرنے پر مرکوز ہے اور وینزویلا میں انتخابات مناسب وقت پر کرائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وینزویلا میں ہونے والی کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے تمام امریکی فوجی اب بہتر حالت میں ہیں۔

صدر ٹرمپ کے ان بیانات کے بعد خطے میں سیاسی اور سفارتی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ کولمبیا اور وینزویلا کی صورتحال پر عالمی برادری کی نظریں مرکوز ہو گئی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *