اسپین کی سیاستدان کا امریکہ کے خلاف دھماکہ خیز بیان، وینزویلا کی حمایت کا اعلان
میڈرڈ(بولونیوز)اسپین کی ممبر آف یورپی پارلیمنٹ (MEP) آئرین مونٹیرو نے وینزویلا پر حالیہ امریکی حملوں کے بعد سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکا ہے اور اسے ابھی روکا جانا چاہیے۔
آئرین مونٹیرو نے کہا کہ ٹرمپ وینزویلا پر بمباری کر رہا ہے، اور اگر اسے قابو نہ کیا گیا تو وہ سب کچھ تباہ کر دے گا۔ انہوں نے اسپین کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تمام تعلقات اور اتحاد ختم کیے جائیں، جس کا آغاز نیٹو (NATO) سے ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپین ایک پرامن ملک ہے اور اسے کسی جنگ میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔ مونٹیرو نے وینزویلا کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تیل کے لیے مزید جنگیں قبول نہیں کی جائیں گی اور معصوم ملکوں کو نقصان پہنچانا بند کیا جائے۔
سوشل میڈیا پر بھی ان کے بیانات نے ہنگامہ برپا کر دیا، جہاں انہوں نے لکھا: “امریکہ دنیا کے لیے خطرہ ہے، اسے روکنا ہوگا!” اور نیٹو سے علیحدگی اور امریکہ سے تعلقات ختم کرنے پر زور دیا۔


