کیمیکل ملا دودھ فیکٹری کا پردہ فاش، فوڈ اتھارٹی اور پولیس پر شدید تنقید
لاہور(بولونیوز)لاہور کے علاقے باٹا پورہ میں کیمیکل ملا دودھ تیار کرنے والی ایک غیر قانونی فیکٹری کے انکشاف نے شہریوں کی صحت کے ساتھ کھلا مذاق کرنے والے عوامل کو بے نقاب کر دیا ہے۔
رائل نیوز کی تحقیقاتی ٹیم نے فیکٹری کے تمام شواہد اور ویڈیوز متعلقہ لاہور فوڈ اتھارٹی کے افسران کے سامنے پیش کیے، مگر افسران کی خاموشی نے ادارہ جاتی ناکامی یا مبینہ مجرمانہ ملی بھگت کے شکوک کو تقویت دی۔
ذرائع کے مطابق ملاوٹ مافیا طویل عرصے سے کیمیکل ملا دودھ تیار کر کے عوام خصوصاً بچوں اور بزرگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے اور مبینہ طور پر رشوت کے ذریعے تحفظ حاصل کر رہا ہے۔
اسی دوران تھانہ باٹا پورہ کی پولیس نے ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائی کے بجائے مبینہ طور پر انہیں ریلیف فراہم کیا اور میڈیا نمائندوں پر جھوٹی ایف آئی آر درج کر دی، جو آزادیٔ صحافت اور قانون کی خلاف ورزی قرار دی جا رہی ہے۔
عوامی، صحافتی اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی اعلیٰ سطحی، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار افسران کے خلاف فوری اور مثال قائم کرنے والی کارروائی کی جائے اور صحافیوں پر درج مبینہ جھوٹی ایف آئی آر کو فی الفور ختم کیا جائے۔


