پاکستان میں تیز انٹرنیٹ اور 5G کیلئے 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی نیلامی اگلے ماہ ہوگی
اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار بڑھانے اور ملک میں 5G سروس متعارف کرانے کے لیے اگلے ماہ 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم کی نیلامی کی جائے گی۔
وزیر نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے اکنامک کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اس اسپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دی گئی تھی، جس کا عمل دو ماہ کے اندر مکمل کیا جائے گا۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کام انڈسٹری کے لیے دستیاب اسپیکٹرم انتہائی محدود ہے اور ٹیلی کام کمپنیاں صرف 274 میگا ہرٹز کے ذریعے خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اسپیکٹرم کی شدید قلت کا شکار ہے، جبکہ بنگلہ دیش، جس کی آبادی پاکستان سے تقریباً دو تہائی ہے، 600 میگا ہرٹز اسپیکٹرم فراہم کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے اس اقدام کو ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید موبائل سروسز کی فراہمی کے لیے اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے صارفین کو بہتر اور مستحکم انٹرنیٹ خدمات میسر آئیں گی۔


