ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے چارج سنبھالنے کے بعد پہلا بڑا حکمنامہ جاری
کراچی(بولونیوز)ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے چارج سنبھالنے کے فوراً بعد اپنا پہلا بڑا حکمنامہ جاری کرتے ہوئے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے تاجروں کی شکایات کے ازالے کے لیے پانچ رکنی خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹاسک فورس کی سربراہی ڈی آئی جی ایسٹ فرخ علی کریں گے جبکہ ٹیم میں ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری، ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر عمران، ایس ایس پی ملیر عبدالخالق اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ شامل ہیں۔
ٹاسک فورس کا مقصد کورنگی صنعتی زون میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینا، تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے رابطہ کاری کرنا اور صنعتی علاقے میں پرامن ماحول کو یقینی بنانا ہے۔ حکمنامے کے مطابق چیئرمین ٹاسک فورس ضرورت پڑنے پر مزید پولیس افسران کو شامل کر سکتے ہیں، تاہم ان کی شمولیت کے لیے آئی جی سندھ کی منظوری لازمی ہوگی۔
صنعتی حلقوں نے ایڈیشنل آئی جی آزاد خان کے اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ اس ٹاسک فورس کے قیام سے کورنگی صنعتی زون میں امن و امان بہتر ہوگا اور تاجروں کے تحفظات کا مؤثر ازالہ ممکن ہوگا۔


