این ڈی ایم اے نے آئندہ تین روز کے لیے ملک میں شدید دھند کا الرٹ جاری کر دیا
اسلام آباد(بولونیوز)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ تین روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے لاہور، جھنگ، ملتان، خانیوال، میاں چنوں اور ساہیوال میں شدید دھند چھانے کا امکان ہے جس کے باعث حدِ نگاہ نمایاں طور پر کم ہو سکتی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ پاکپتن، عارفوالا، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، وہاڑی اور اوکاڑہ میں بھی شدید دھند کی توقع ہے۔ سندھ کے بالائی علاقوں خصوصاً سکھر اور گردونواح میں بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں اور ڈرائیورز کو احتیاط برتنے اور ضروری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔


