ایف بی آر کی دسمبر میں ریکارڈ ٹیکس وصولی، 1427 ارب 10 کروڑ روپے جمع
اسلام آباد(بولونیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دسمبر میں ٹیکس وصولی کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 1427 ارب 10 کروڑ روپے ٹیکس ریونیو جمع کر لیا ہے، جو ماہانہ ہدف 1446 ارب روپے کا 99 فیصد بنتا ہے۔
ایف بی آر حکام نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو دی گئی بریفنگ میں بتایا کہ یہ کسی بھی سال کے دسمبر کے مہینے میں اب تک کی سب سے زیادہ ٹیکس وصولی ہے۔ حکام کے مطابق ان لینڈ ریونیو سروس نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1310 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1308 ارب روپے وصول کیے، جو 99.8 فیصد بنتا ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نومبر کے مقابلے میں دسمبر کے دوران ٹیکس وصولی میں 59 فیصد اضافہ ہوا۔ نومبر میں ٹیکس وصولی 898 ارب روپے تھی، جو دسمبر میں بڑھ کر 1427.1 ارب روپے تک پہنچ گئی۔
حکام کے مطابق ایف بی آر کی بہتر حکمت عملی اور مؤثر اقدامات کے باعث ٹیکس وصولی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس پر وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔


