گیمبیا میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی، 7 ہلاک، درجنوں لاپتا، 96 افراد کو بچا لیا گیا

بانجول(بولونیوز)مغربی افریقی ملک گیمبیا کے ساحل کے قریب تارکینِ وطن کو لے جانے والی بڑی کشتی ڈوبنے سے 7 افراد ہلاک جبکہ درجنوں لاپتا ہوگئے۔ حکام کے مطابق کشتی میں تقریباً 200 تارکینِ وطن سوار تھے جو یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدھ کی رات شمالی کنارے کے علاقے جینک گاؤں کے قریب کشتی بے قابو ہو کر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد سمندر میں جا گرے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی انتظامیہ نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا، جس دوران 96 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ تاہم درجنوں افراد اب بھی لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

حکام نے 7 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کشتی میں سوار بیشتر افراد کا تعلق مغربی افریقا کے مختلف ممالک سے تھا جو خطرناک سمندری راستے سے یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *