پاکستان کے تجارتی خسارے میں اضافہ، برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافہ جاری

اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان کے تجارتی توازن میں مزید بگاڑ سامنے آیا ہے، جہاں رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران برآمدات میں کمی اور آمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں تجارتی خسارہ بڑھ کر 19 ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 14 ارب 30 کروڑ ڈالر کے خسارے کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ہے۔

برآمدات میں کمی

رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں برآمدات میں مجموعی طور پر 8.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث برآمدات کا حجم 15 ارب 18 کروڑ ڈالر رہا۔ اس کے برعکس گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برآمدات 16 ارب 63 کروڑ ڈالر تھیں۔

آمدات میں اضافہ

ادارہ شماریات کے مطابق چھ ماہ کے دوران آمدات میں 11.28 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور درآمدات کا مجموعی حجم 34 ارب 38 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں درآمدات 30 ارب 90 کروڑ ڈالر سے زائد تھیں۔

ماہ دسمبر کے اعداد و شمار

دسمبر 2025 میں پاکستان کا تجارتی خسارہ سالانہ بنیاد پر 24 فیصد اضافے کے ساتھ 3 ارب 71 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا، جب کہ دسمبر 2024 میں یہ خسارہ 2 ارب 99 کروڑ ڈالر تھا۔
اسی ماہ میں برآمدات میں سالانہ بنیاد پر 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ آمدات میں 2 فیصد اضافہ ہوا۔

ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ برآمدات میں کمی اور درآمدات میں مسلسل اضافہ پاکستان کے تجارتی توازن پر دباؤ بڑھا رہا ہے اور ملکی معیشت کے لیے یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *