سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا انوکھا کارنامہ، گلشن اقبال میں غیر قانونی تعمیرات جاری
کراچی(بولونیوز)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے افسران کی مبینہ غفلت اور ملی بھگت کے باعث گلشنِ اقبال میں غیر قانونی تعمیرات زور و شور سے جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر گلشن اقبال نجم قریشی اور بلڈنگ انسپکٹر ریاض جھاکڑو کی مبینہ سرپرستی میں خلافِ ضابطہ تعمیرات کو جاری رکھا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال بلاک 4-A کے رہائشی پلاٹ نمبر A-6 (شیٹ نمبر 7، کے ڈی اے اسکیم 24) پر رہائشی مقصد کے لیے منظور شدہ پلاٹ پر کمرشل تعمیرات کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ رشوت کے عوض کیا جا رہا ہے، جس کے باعث متعلقہ افسران نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق مذکورہ پلاٹ پر 12 فروری 2021 کو تعمیرات کی اجازت دی گئی تھی، جو ایک سال بعد ایکسپائر ہو چکی تھی۔ اجازت نامے کے تحت 557 گز کے پلاٹ پر صرف بیسمنٹ، گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی اجازت تھی۔
ذرائع کے مطابق اس کے باوجود پلاٹ نمبر 6 بلاک 4-A پر
بیسمنٹ کے ساتھ گراؤنڈ فلور پر کمرشل دکانیں تعمیر کر دی گئیں
جبکہ غیر قانونی طور پر سیکنڈ فلور کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور رہائشی علاقوں کو کمرشلائزیشن سے محفوظ بنایا جائے۔


