سالِ نو کے پہلے روز ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق، 70زخمی
کراچی(بولونیوز)سالِ نو کے پہلے روز شہرِ قائد میں مختلف ٹریفک حادثات نے قیمتی جانیں لے لیں، کے ایم سی افسر اور ایک خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سپر ہائی وے گنا منڈی کے قریب کار اور ٹرک کے خوفناک تصادم میں کار سوار 45 سالہ ہارون شکیل موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ چھیپا کے رضا کاروں نے متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔
ڈی ایس پی سہراب گوٹھ ڈویژن اورنگزیب خٹک کے مطابق ہارون شکیل کا تعلق کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) سے تھا اور وہ گلستانِ جوہر کے رہائشی تھے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ان کی گاڑی سپر ہائی وے پر ٹرک سے ٹکرا گئی۔
ایس ایچ او سہراب گوٹھ طفیل بھٹو نے بتایا کہ حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے گاڑی تحویل میں لے لی گئی ہے جبکہ کار سے نقدی اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔
شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دیگر حادثات میں ایک خاتون سمیت مزید دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔


