20 سالہ لڑکی پراسرار طور پر اغوا ہوکر دبئی پہنچ گئی،2کروڑتاوان کا مطالبہ
راولپنڈی(بولونیوز)افضل ٹاؤن چکلالہ میں 20 سالہ لڑکی کے پراسرار طور پر لاپتا ہونے کا معاملہ اُس وقت سنگین ہوگیا جب اہلِ خانہ کو واٹس ایپ کے ذریعے 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ موصول ہوا، جبکہ تفتیش کے دوران حیران کن طور پر لڑکی کے دبئی پہنچنے کے شواہد بھی سامنے آگئے۔
پولیس کے مطابق لڑکی 30 دسمبر کو گھر سے میڈیکل اسٹور جانے کے لیے نکلی مگر واپس نہ آئی۔ گھر والوں نے متعدد بار رابطہ کیا لیکن موبائل فون بند ملا۔ تلاش کے باوجود جب کوئی سراغ نہ ملا تو چند گھنٹوں بعد لڑکی کے واٹس ایپ نمبر سے ایک پیغام موصول ہوا۔
مدعی کے مطابق واٹس ایپ پیغام میں ایک نامعلوم شخص پشتو زبان میں بات کر رہا تھا جس نے اہلِ خانہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ تین دن میں دو کروڑ روپے کا انتظام کیا جائے، ورنہ لڑکی کو نقصان پہنچایا جائے گا۔
واقعے کے بعد مغویہ کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ چکلالہ میں اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کیا گیا اور پولیس نے تفتیش شروع کردی۔ ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا کہ لڑکی دبئی روانہ ہوچکی ہے، جس پر پولیس نے ایئرپورٹ کی ٹریول ہسٹری معلوم کرنے کے لیے ایف آئی اے امیگریشن سے رابطہ کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ امیگریشن ریکارڈ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لڑکی دبئی گئی ہے، جبکہ سفر کے دوران اس نے کسی قسم کا ردِعمل یا مزاحمت ظاہر نہیں کی، جس سے یہ خدشہ بڑھ گیا ہے کہ شاید لڑکی اپنی مرضی سے گئی ہو۔
تاہم اہلِ خانہ کا مؤقف ہے کہ لڑکی کو نامعلوم افراد نے اغوا کرکے دبئی منتقل کیا اور اب تاوان کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملہ پیچیدہ ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ چکلالہ پولیس جدید ٹیکنالوجی، ہیومن انٹیلیجنس اور دیگر ذرائع استعمال کرتے ہوئے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے۔
سینئر افسران براہِ راست تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ پولیس نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مغویہ کی بازیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔


