ڈکیتی کے دوران بچے کو ہلاک کرنے والا بدنام زمانہ ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

کراچی(بولونیوز) تھانہ ماڈل کالونی کی پولیس کی گشت کارروائی کے دوران وہ بدنام زمانہ ڈکیت محمد رضوان ولد فضل حکیم پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، جس نے 15 مئی 2025 کو تھانہ لانڈھی کی حدود میں ڈکیتی کے دوران 12 سالہ بچے امین عرف شانو کو ہلاک اور اس کی والدہ ناصرہ کو زخمی کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزم متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کے خلاف 24 سے زائد مقدمات درج تھے۔ ملزم کی ڈکیتی کی وارداتیں سی سی ٹی وی کیمروں میں بھی محفوظ تھیں۔

کارروائی کے دوران پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سوار ملزمان کو روکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم موقع پر ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ملزم کے قبضے سے ایک پستول 30 بور بمعہ لوڈ میگزین اور راؤنڈز برآمد ہوئے، جبکہ ایک چوری شدہ موٹر سائیکل بغیر نمبر پلیٹ بھی ضبط کی گئی جو مقدمہ نمبر 2106/2025 کے تحت تھانہ سچل کی حدود سے چوری شدہ تھی۔

ملزم کے خلاف درج مقدمات میں شامل ہیں:

مقدمہ نمبر 01/2026 بجرم دفعات 353/324/186/34 تھانہ ماڈل کالونی

مقدمہ نمبر 02/2026 بجرم دفعہ 23(1)-A سندھ آرمز ایکٹ تھانہ ماڈل کالونی

ہلاک ملزم کا طویل مجرمانہ ریکارڈ ہے، جس میں متعدد ڈکیتی، اسلحہ، منشیات اور دیگر سنگین جرائم کے مقدمات شامل ہیں، جن میں کچھ مقدمات اشتہاری اور مفرور ہونے کی حیثیت رکھتے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف کارروائی جاری ہے اور باقی مفرور ساتھیوں کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے اور تفتیش کا عمل جاری ہے۔

یہ کارروائی شہر میں امن و امان قائم رکھنے اور خطرناک جرائم پیشہ عناصر کو عبرت دینے کے لیے ایک اہم قدم قرار دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *