ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کی سال 2025 میں کارروائیوں کا جائزہ: منشیات، سونا اور غیر ملکی کرنسی برآمد

کراچی(بولونیوز)ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (ASF) نے سال 2025 کے دوران پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں پر اسمگلنگ کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، اے ایس ایف نے پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کے ساتھ ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات کی متعدد اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنایا۔ ان کارروائیوں کے دوران 26.863 کلوگرام ہیروئن، 88.7 کلوگرام چرس اور 3.113 کلوگرام آئس ہیروئن برآمد کی گئی، جس سے مجموعی طور پر 118.676 کلوگرام منشیات ضبط ہوئیں۔

اسی عرصے میں قیمتی دھاتوں کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 98.5579 کلوگرام سونا برآمد کیا گیا، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 2 ارب 936 ملین روپے بنتی ہے۔

منی لانڈرنگ اور غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں میں 19,08,493 امریکی ڈالر، 4,20,480 برطانوی پاؤنڈ، 2,02,510 یورو اور 27,99,385 سعودی ریال برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ دیگر غیر ملکی کرنسی بھی ضبط کی گئی، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 1 ارب 507 ملین روپے بنتی ہے۔

ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے اس موقع پر کہا کہ وہ منشیات، اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور آئندہ بھی ہوائی اڈوں پر سلامتی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *