امریکا میں تاریخی سنگِ میل، زہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم میئر بن گئے
نیویارک(بولونیوز)امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک میں تاریخ رقم ہو گئی، جہاں 34 سالہ ڈیموکریٹ رہنما زہران ممدانی نے یکم جنوری 2026 کی پہلی ہی ساعت میں قرآن پاک پر حلف اٹھا کر میئر کے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ وہ شہر کی تاریخ کے پہلے مسلم میئر بن گئے ہیں۔
حلف برداری کی سادہ مگر تاریخی تقریب سٹی ہال کے نیچے واقع ایک بند سب وے اسٹیشن میں منعقد ہوئی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ممدانی نے قرآن پاک کے دو نسخوں پر ہاتھ رکھ کر حلف لیا-دوسرا نیویارک پبلک لائبریری کے شومبرگ سینٹر فار ریسرچ اِن بلیک کلچر سے لیا گیا نسخہ تھا۔
تقریب میں نیویارک کی اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے انہیں حلف دلایا، جبکہ ان کی اہلیہ راما دواجی بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر ممدانی کے والدین—معروف فلم ساز میرا نائر اور ماہرِ تعلیم محمود ممدانی—بھی شریک تھے۔
انہوں نے بتایا کہ سب وے اسٹیشن کا انتخاب محنت کش طبقے سے وابستگی اور عوامی ٹرانسپورٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا۔بڑی عوامی تقریب جلد منعقد ہوگی-
رپورٹس کے مطابق زہران ممدانی کی باضابطہ عوامی حلف برداری کی تقریب بعد میں سٹی ہال کے باہر ہوگی، جس میں سینیٹر برنی سینڈرز، کانگریس وومن الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز اور ہزاروں شہریوں کی شرکت متوقع ہے۔


