کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش، شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی
کراچی(بولونیوز)شہر قائد میں موسم سرما کی پہلی بارش کا آغاز ہو گیا ہے۔ رات گئے ضلع وسطی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی شروع ہوئی، جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج رات اور کل بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔ وقفے وقفے سے بوندا باندی اور ہلکی بارش جاری رہنے کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی متوقع ہے۔
شہریوں نے بارش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ تاہم متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں۔
محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ مغربی بلوچستان پر موجود ہے اور آج یہ سلسلہ ملک کے وسطی اور بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔
موسمی نظام کے زیر اثر آج اور کل کراچی میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر ہلکی بارش و بوندا باندی کا امکان ہے۔


