وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پولیس ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے بڑا اعلان
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کا دورہ کیا اور اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پولیس ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے اہم فیصلے کیے۔ اجلاس میں نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے تمام ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی اور پولیس ملازمین کے لیے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی، جس کے بعد وزیر داخلہ نے ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے کئی اہم اقدامات کا اعلان کیا:
ہر سال پاکستان بھر سے 10 انسپکٹرز، سب انسپکٹرز اور اے ایس آئیز کو پولیس سے متعلق ریفریش کورسز کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ
ہر سال 5 ایس پی اور ایس ایس پی رینک افسران کو اے آئی ڈگری کے لیے اسکالرشپ پر بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ
نیشنل پولیس اکیڈمی میں زیر تربیت اے ایس پیز کو ہر سال آسان اور کم اقساط پر پلاٹ کی فراہمی
محسن نقوی نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کو خسارے سے نکال کر سرپلس میں لانے پر پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ادارے کو پولیس ملازمین کی فلاح وبہبود کے لیے انتہائی فعال اور متحرک ادارہ بنایا جائے۔
وزیر داخلہ نے نیشنل پولیس فاؤنڈیشن کے وسائل میں مزید اضافے کے لیے جامع پلان بھی طلب کر لیا۔


