نادرا میں فنگر پرنٹس کی تصدیق کاحل، چہرے کی شناخت پربائیومیٹرک سہولت
اسلام آباد(بولونیوز) نادرا نے بزرگ شہریوں اور طبی مسائل کے شکار افراد کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کے نئے نظام کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت فنگر پرنٹس کے بغیر شناخت کی تصدیق ممکن ہو سکے گی۔
نادرا کے اعلامیے کے مطابق چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سہولت 20 جنوری سے فعال ہوگی۔ شہری نادرا مراکز یا پاک آئی موبائل ایپ کے ذریعے اپنی شناخت کی تصدیق کروا سکیں گے اور معمولی فیس کے عوض بائیومیٹرک تصدیقی سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔
سرٹیفکیٹ میں شہری کی تصویر، شناختی کارڈ نمبر، نام، ولدیت، منفرد ٹریکنگ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ شامل ہوگا، اور یہ سرٹیفکیٹ 7 دن تک قابل استعمال ہوگا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وہ شہری جو فنگر پرنٹس کی وجہ سے تصدیق میں دشواری محسوس کرتے ہیں، وہ قریبی نادرا رجسٹریشن مرکز جا کر چہرے کی شناخت کروا سکتے ہیں، جس کے بعد نادرا انہیں فوری بائیومیٹرک سرٹیفکیٹ فراہم کرے گا۔
نادرا کے اس اقدام سے شہریوں خصوصاً بزرگوں اور معذور افراد کے لیے شناخت کی تصدیق کے عمل میں آسانی پیدا ہو گئی ہے۔


