ملک کے مختلف حصوں میں برف باری جاری، سیاحتی مقامات کی خوبصورتی میں اضافہ
اسلام آباد(بولونیوز)ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی لہر تیز ہونے کے ساتھ ساتھ برف باری کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس سے پہاڑی اور سیاحتی مقامات کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جبکہ سرد موسم نے شہریوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
سوات کے معروف سیاحتی مقام مالم جبہ میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ پہاڑوں، درختوں اور گھاٹیوں پر برف کی موٹی تہہ جم گئی ہے اور ہر منظر سفید چادر اوڑھے خوبصورتی بکھیر رہا ہے۔ سیاح برف سے ڈھکے پہاڑوں، دھند سے لپٹی وادیوں اور خوبصورت مناظر کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں۔
جنوبی اور شمالی وزیرستان کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری اور بارش کے بعد موسم شدید سرد ہو چکا ہے، جبکہ معمولاتِ زندگی متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
آزاد کشمیر کی وادیِ نیلم میں بھی تیز اور ہلکی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ جاگراں، اپر نیلم، شاردہ، اڑنگ کیل، گریز اور تاوبٹ سمیت بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مرکزی شاہراہِ نیلم سمیت مختلف رابطہ سڑکوں پر پھسلن بڑھنے سے شہریوں اور سیاحوں کو سفر میں مشکلات کا سامنا ہے۔
گلگت بلتستان میں بھی موسم سرما اپنے عروج پر ہے۔ چلاس، بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور بٹوگاہ ٹاپ سمیت متعدد مقامات پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس سے درجۂ حرارت مزید گر گیا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے آئندہ چند روز تک مختلف پہاڑی علاقوں میں برف باری جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


