غزہ کی تباہ کن صورتحال پر 10 ممالک کا مشترکہ اظہارِ تشویش
لندن(بولونیوز)برطانیہ، کینیڈا اور فرانس سمیت 10 ممالک نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ غزہ کی حالت انتہائی تباہ کن ہو چکی ہے، جہاں شدید بارش، سرد موسم اور مسلسل محاصرے نے شہریوں کی مشکلات کو بے حد بڑھا دیا ہے۔
مشترکہ بیان کے مطابق غزہ میں تقریباً 13 لاکھ افراد فوری پناہ کے محتاج ہیں، جب کہ مسلسل محاصرے کے نتیجے میں طبی سہولیات کی شدید کمی پیدا ہو گئی ہے۔ نکاسیٔ آب کا نظام تباہ ہونے کے باعث 7 لاکھ سے زیادہ افراد آلودہ اور زہریلا پانی پینے پر مجبور ہیں، جس سے صحت کے سنگین خطرات جنم لے رہے ہیں۔
ممالک نے کہا کہ وہ غزہ کے عوام کی تکالیف سے آنکھیں نہیں موڑ سکتے اور وہاں اقوامِ متحدہ کے اداروں کو بلا رکاوٹ امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔
بیان میں یہ بھی خبردار کیا گیا کہ اگر حماس غیر مسلح نہ ہوئی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ مشترکہ بیان برطانیہ، کینیڈا، ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، آئس لینڈ، ناروے، سویڈن، سوئٹزرلینڈ اور جاپان کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔


