عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی کارکنان پر واٹر کینن کا استعمال قابلِ مذمت ہے، ایمان مزاری
اسلام آباد(بولونیوز)ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں اور پاکستان تحریکِ انصاف کے کارکنان — جن میں بزرگ شہری اور کم سن بچے بھی شامل تھے — پر واٹر کینن کے بار بار استعمال کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایکس بیان میں ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف قابلِ افسوس ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے طاقت کے استعمال سے متعلق بنیادی اصولوں کی واضح خلاف ورزی بھی ہے۔
ایمان مزاری نے کہا کہ بین الاقوامی معیارات کے مطابق کسی بھی ملک میں طاقت کے استعمال کے لیے ضرورت، تناسب اور نقصان کو کم سے کم رکھنے کی شرائط لازمی سمجھی جاتی ہیں۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ واٹر کینن کا استعمال صرف اسی صورت میں کسی حد تک جائز قرار دیا جا سکتا ہے جب سامنے کوئی پُرتشدد یا غیرقانونی اجتماع موجود ہو جسے دیگر پرامن ذرائع سے منتشر کرنا ممکن نہ ہو۔
ایمان مزاری نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے طاقت کے استعمال کے حوالے سے عالمی اور آئینی ذمہ داریوں کو پیشِ نظر رکھیں اور شہریوں کے بنیادی حقوق کا احترام یقینی بنائیں۔


