سکھر ہائیکورٹ کا نجی اسکولوں میں 10 فیصد مفت تعلیم پر سخت ایکشن

نوابشاہ(بولونیوز)سکھر ہائیکورٹ کے سکھر بینچ نے سندھ بھر کے نجی اسکولوں میں 10 فیصد مفت تعلیم کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ عدالت نے سندھ کے مختلف ڈویژنز کے ڈائریکٹر پرائیویٹ ایجوکیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام نجی اسکولوں کی تفصیلات فراہم کریں جو 10 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شہید بے نظیر آباد ڈویژن میں نوابشاہ شہر کے 86 نجی اسکولوں کی فہرست عدالت میں جمع کرائی گئی ہے۔ سکھر ہائیکورٹ نے ان اسکولوں کی شفافیت جانچنے کے لیے محکمہ انسداد بدعنوانی (اینٹی کرپشن) کو مکمل تحقیقات کی ہدایت دی ہے۔

عدالت نے واضح کیا ہے کہ اگر تحقیقات کے دوران کسی اسکول میں بدعنوانی، سفارش یا غیر شفاف طریقہ کار پایا گیا تو متعلقہ اسکول کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی، جس میں رجسٹریشن اور لائسنس کی منسوخی کے ساتھ بھاری جرمانے بھی شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ انسداد بدعنوانی نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں جو یہ یقینی بنائیں گی کہ 10 فیصد کوٹہ صرف مستحق اور اہل طلباء کو دیا جا رہا ہے۔ ٹیموں نے نوابشاہ کے 10 نجی اسکولوں کا دورہ کر کے طلباء اور والدین سے تفصیلی تحقیقات مکمل کر لی ہیں، جبکہ دیگر اسکولوں کے دورے بھی جلد کیے جائیں گے۔

عدالتی احکامات کے بعد نجی تعلیمی اداروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ والدین نے عدالتی اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *