سال نو کی آمد پر سکیورٹی کے سخت انتظامات، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ پر پابندی

سجاول(بولونیوز)سال نو کی آمد کے موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج طارق رزاق خان دھاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی سجاول میڈم علینہ راجپر نے ضلع بھر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کی منظوری دے دی ہے۔

ترجمان کے مطابق تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو سختی سے پابند کیا گیا ہے کہ سال نو کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔ ان عناصر کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور کڑی نگرانی کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی سجاول نے کہا کہ ہوائی فائرنگ نہ صرف غیر قانونی بلکہ انتہائی غیر اخلاقی عمل ہے، جو قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی خوشیوں کو غم میں نہ بدلیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سال نو کی رات کسی بھی قسم کی قانون شکنی کی صورت میں خلاف ورزی کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ اگر کوئی شہری کسی بھی غیر قانونی فعل، ہوائی فائرنگ یا ہلڑ بازی کا مشاہدہ کرے تو فوراً قریب ترین پولیس اسٹیشن یا 15 پر اطلاع دے۔

ترجمان کے مطابق ضلع سجاول پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم اور مستعد ہے اور پرامن ماحول کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *