دنیا بھر میں آج نئے سال کا استقبال، کراچی میں سی ویو روڈ کھلا رکھنے کا اعلان
کراچی(بولونیوز)دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج نئے سال کا جشن منایا جا رہا ہے۔ کراچی کے شہری ہر سال کی طرح سالِ نو کی خوشیاں منانے کے لیے سی ویو پہنچتے ہیں، جہاں روایتی طور پر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوتے ہیں۔ ماضی میں انتظامیہ کی جانب سے رش اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر سی ویو روڈ کو سالِ نو کی رات بند کیا جاتا رہا ہے۔
تاہم اس سال شہریوں کے لیے خوشخبری ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق آج سی ویو روڈ کھلا رہے گا اور شہری معمول کے مطابق وہاں جا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے سال کی آمد پر حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں اور دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار سی ویو اور اطراف میں تعینات ہوں گے۔
ایس ایس پی نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور قانون شکنی کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کی سلامتی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ کسی بھی شخص کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور قانون پوری طاقت کے ساتھ حرکت میں آئے گا۔


