بشریٰ بی بی کی بیٹی ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے ملاقات کی اجازت کی درخواست لے کر پہنچ گئیں

اسلام آباد(بولونیوز)بشریٰ بی بی کی بیٹی مبشرہ خاور مانیکا نے والدہ سے ملاقات کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب سے رجوع کر لیا ہے۔ مبشرہ خاور مانیکا کی جانب سے باقاعدہ درخواست جمع کروا دی گئی ہے، جس میں والدہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

درخواست میں مبشرہ خاور مانیکا نے موقف اختیار کیا ہے کہ وہ بشریٰ بی بی کی حقیقی بیٹی ہیں اور والدہ سے ملاقات کرنا ان کا قانونی اور آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل جیل اڈیالہ میں قید والدہ سے ملاقات کے لیے متعدد بار کوشش کی گئی، مگر جیل حکام کی جانب سے ملاقات سے بارہا روکا گیا اور اس کی کوئی واضح وجہ فراہم نہیں کی گئی۔

مبشرہ مانیکا نے درخواست میں انکشاف کیا کہ ملاقات نہ ہونے کے باعث انہیں شدید ذہنی اذیت اور کرب کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ والدہ سے ملاقات کی اجازت نہ دینا نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ آئین اور جیل قوانین کے بھی منافی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوم ڈیپارٹمنٹ اس درخواست کا جائزہ لے رہا ہے اور جلد ہی ملاقات کے حوالے سے فیصلہ متوقع ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *