17 سالہ عشبہ نور ایک ماہ گزرنے کے باوجود بازیاب نہ ہوسکی، اہلخانہ کا احتجاج
کراچی(بولونیوز)ملیر کے علاقے چمن کالونی سے لاپتہ ہونے والی 17 سالہ لڑکی عشبہ نور کی گمشدگی کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا، تاہم پولیس تاحال اسے بازیاب نہ کراسکی۔ اہلخانہ شدید غم و غصے میں مبتلا ہیں اور معاملہ معمہ بن چکا ہے۔
اہلخانہ کے مطابق عشبہ نور دوپہر کے وقت پڑوس میں جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی، مگر اس کے بعد واپس نہیں آئی۔ ابتدائی طور پر اہلخانہ نے ذاتی طور پر تلاش کی، لیکن سراغ نہ ملنے پر تھانہ ملیر سٹی میں گمشدگی کی درخواست جمع کروائی گئی، جس کے بعد مقدمہ بھی درج ہوا۔
متاثرہ والد کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان، جس کی شناخت مبینہ طور پر یاسر خان کے نام سے موجود سوشل میڈیا آئی ڈی سے ہوئی، اس پر شبہ ہے کہ اس نے نابالغ لڑکی کو بہلا پھسلا کر اغواء کیا۔ یاسر خان کا نمبر اور دیگر تفصیلات پولیس اور انویسٹی گیشن ٹیم کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ تمام معلومات فراہم کرنے کے باوجود پولیس نے بچی کی بازیابی کے لیے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی۔ متاثرہ والد نے بتایا کہ ایک ماہ سے زائد مدت کے باوجود ان کی بیٹی کے متعلق کوئی سامنے نہیں آیا۔
عشبہ نور کے والدین نے ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی جی رینجرز اور وزیر داخلہ سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کو اپنی بیٹی کا کیس سمجھتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے اور لڑکی کو بازیاب کرایا جائے۔


