کراچی میں نئے سال کا تحفہ: کل سے ڈبل ڈیکر بس سروس شروع ہو رہی ہے
کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کل سے کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کی جائے گی، جو شہر کے عوام کے لیے نئے سال کا تحفہ ثابت ہوگی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اورنج لائن کو گرین لائن بس سے ملانے کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا اور اورنگی ٹاؤن میں اورنج لائن ڈپو کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یہ پاکستان کی پہلی بی آر ٹی سروس ہے جس میں ایک ہی کارڈ استعمال ہوگا، اور اب روزانہ ایک لاکھ مسافر ایک ہی کارڈ سے دونوں بس سروسز سے سفر کر سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرین لائن اور اورنج لائن کے مسافروں کو اب ڈبل کرایہ ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور ایک ہی کارڈ پر دونوں سروسز سے سفر ممکن ہوگا۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ ڈبل ڈیکر بسیں پہلے مرحلے میں ملیر سے شارع فیصل تک چلیں گی اور کرایہ پیپلزبس کے برابر رکھا گیا ہے۔ اس تجرباتی سروس کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور سڑکوں پر جگہ بچانا ہے۔ مستقبل میں مزید ڈبل ڈیکر بسیں چلانے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔


