کراچی میں سڑکوں کی مرمت اور ٹریفک مینجمنٹ کے اقدامات: کمشنر کی زیر صدارت اجلاس
کراچی(بولونیوز)کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں شہر کی مختلف شاہراہوں اور اندرونی سڑکوں کی موجودہ خراب حالت کو درست کرنے کے لیے مرمت اور بحالی کے اقدامات اور ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے جامع منصوبے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ زیادہ تر منصوبوں کے پی سی ون تیار کر لیے گئے ہیں، اور جن کے پی سی ون باقی ہیں، وہ اگلے دو روز میں تیار کر لیے جائیں گے۔ کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے منصوبوں کو باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ مکمل کریں تاکہ منصوبوں میں ڈپلی کیشن نہ ہو۔
اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، اسپیشل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، سی ای او ٹرانس کراچی فواد غفار سومرو، کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز پروجیکٹ KWSSIP کی پروجیکٹ ڈائریکٹر عائشہ حمید، کراچی موبلیٹی پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی، مینجنگ ڈائریکٹر سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، بلدیہ عظمی، کے ڈی اے، ریڈ لائن اور یلو لائن کے سینئر افسران اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بلدیہ عظمی 106 اہم شاہراہوں اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز 453 اندرونی سڑکوں کی مرمت اور بہتری کے منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ ضلع شرقی میں 138، ضلع وسطی میں 50، ضلع جنوبی میں 15، کورنگی میں 93، ملیر میں 193 اور ضلع کیماڑی میں 27 سڑکوں کی مرمت کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ٹریفک مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 45 پرانے ٹریفک سگنلز اپ گریڈ کیے جائیں گے جبکہ 31 نئے ٹریفک سگنلز نصب کیے جائیں گے۔ اسی طرح اردو کالج کے بالمقابل مقام پر یونیورسٹی روڈ پر ڈائیورزن کا کام جلد مکمل کیا جائے گا، جس کے لیے دو اعشاریہ سات کلومیٹر سڑک پر پیچ ورک کی جائے گی۔
مزید یہ کہ آئی آئی چندریگر روڈ کو خوبصورت بنانے اور ماری پور روڈ کی حالت بہتر بنانے کے منصوبے بھی تیار کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سڑکیں اور سہولت فراہم کی جا سکے۔


