پنجاب میں تاریخ کی بڑی ٹریکٹر سکیم: کاشتکاروں کو 30 ہزار ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے
لاہور(بولونیوز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب کے کاشتکاروں کے لیے تاریخ کی سب سے بڑی ٹریکٹر سکیم کا آغاز کرتے ہوئے 30 ہزار ٹریکٹر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس سکیم کے تحت پنجاب کے کاشتکار اب خود اپنے ٹریکٹر کے مالک بن سکیں گے۔
چیف منسٹر ٹریکٹر پروگرام کے پہلے فیز میں 50 سے 75 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز کاشتکاروں کو فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ دوسرے فیز میں 75 سے 85 ہارس پاور کے 10 ہزار ٹریکٹرز کی قرعہ اندازی اور فراہمی کا عمل جاری ہے۔ ہر ہائی پاور ٹریکٹر پر حکومت کی جانب سے 10 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی اور ہائی پاور ٹریکٹر سکیم کے لیے حکومت پنجاب کل 10 ارب روپے سبسڈی فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ ٹریکٹر سکیم کا تیسرا فیز جنوری میں شروع ہوگا، جس کے تحت کاشتکاروں کو 50 سے 55 ہارس پاور کے ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہائی ٹیک فارم میکانائزیشن فنانسنگ پروگرام کے تحت 100 سے 120 ہارس پاور کے بڑے ٹریکٹرز بلا سود لون پر دیے جائیں گے۔
مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ کاشتکاروں کی معاشی خودمختاری اور زیادہ پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے بنایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا: “کاشتکار بھائی اپنے ٹریکٹر کے مالک بن رہے ہیں، اس سے بڑھ کر خوشی کیا ہوگی۔ حکومت پنجاب کسانوں سے فصل کی بوائی سے فروخت تک پورا ساتھ دے رہی ہے اور جدید زرعی مشینیں فراہم کرنے سے پنجاب کی کاشتکاری میں خود کفالت آئے گی۔”


