مبینہ پونزی اسکیم اور آن لائن فراڈ کیس: عدالت نے دس ملزمان کی ضمانت مسترد کر دی
کراچی(بولونیوز)عدالت نے مبینہ پونزی اسکیم اور آن لائن فراڈ کے مقدمے میں شامل دس ملزمان کی ضمانت مسترد کر دی۔ ملزمان میں چند چینی باشندے بھی شامل ہیں۔
جج گلریز میمن نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ الزامات کی نوعیت سنگین ہے اور تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ تمام ملزمان ایک دوسرے کے ساتھ ملی بھگت سے عوام کو دھوکہ دینے میں ملوث رہے اور سوشل میڈیا کے ذریعے جعلی سرمایہ کاری اسکیمیں چلا کر عوام کو سرمایہ کاری پر راغب کیا گیا۔
عدالت نے بتایا کہ ملزمان نے جعلی منافع دکھا کر عوام کو دھوکہ دیا اور مکمل طور پر فعال کال سینٹر بھی چلایا۔ شواہد ریکارڈ پر موجود ہیں، اس لیے اس مرحلے پر ضمانت دینا مناسب نہیں۔
واضح رہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے وزیرِ داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے بھی پریس کانفرنس کی تھی۔


