لاہور میں شدید دھند، فلائٹ آپریشن 8 گھنٹے سے معطل، متعدد پروازیں منسوخ
لاہور(بولونیوز) شہر میں شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن گزشتہ 8 گھنٹوں سے معطل ہے، جبکہ مختلف بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد میں لینڈ کروا دیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق دھند کے باعث لاہور سے دبئی، ابوظہبی، جدہ اور کراچی جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، جبکہ اندرون اور بیرون ملک کی دیگر پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
شدید دھند کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں موٹر وے حکام نے متعدد سیکشن بند کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایم 2 موٹر وے بلکسر سے کوٹ مومن تک لاہور کی جانب بند ہے، جبکہ ایم 3 فیض پور سے رجانہ تک دھند کے سبب ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
محکمہ ٹریفک نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور سفر کے دوران حدِ نگاہ کم ہونے پر خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔


