سندھ کابینہ کی منظوری، کراچی کے صنعتی علاقوں کی ترقی کے لیے 2.9 ارب روپے کا پیکج منظور
کراچی(بولونیوز)سندھ کابینہ نے کراچی کے صنعتی علاقوں کی بحالی اور تعمیر و ترقی کے لیے 2.9 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں کہا کہ کراچی کے تمام صنعتی علاقوں کی سڑکوں اور نکاسیِ آب کے نظام کی مرمت و بحالی کی جائے گی، تاکہ صنعتی سرگرمیوں میں بہتری آئے اور سرمایہ کاروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت صوبے میں صنعتی ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت جلد ہی صوبے کے دیگر انڈسٹریل اسٹیٹس کے لیے بھی علیحدہ ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز ڈپارٹمنٹ صوبے کے دیگر شہروں کی صنعتی اسٹیٹس کے لیے منصوبہ بندی کر رہا ہے اور جیسے ہی ترقیاتی منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی، نیا پیکیج اعلان کر دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں 23 اضلاع میں منعقد کی گئی عوامی کچہریوں کا بھی حوالہ دیا اور بتایا کہ ان کچہریوں میں امن و امان، پولیس سروسز، صحت، بلدیاتی خدمات، واٹر سپلائی، سڑکوں، آبپاشی اور تعلیم سے متعلق شکایات موصول ہوئیں۔
انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور رپورٹ پیش کی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ جنوری کے دوسرے ہفتے سے دوبارہ عوامی کچہریاں منعقد کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ نے واضح وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر شکایات دور نہ کی گئیں تو متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔


