چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا مختلف سیکٹرز کا دورہ جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

کراچی(بولونیوز)چیئرمین نیوکراچی ٹاؤن محمد یوسف نےنیوکراچی ٹاؤن کے مختلف سیکٹرز کا دورہ کیا اور پارکس، پیور بلاک اور سیوریج سے متعلق جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیکٹر11-G میں زیر تعمیر ربانی پارک کے کام کا معائنہ کیا جبکہ سیکٹر 5-G میں دس گلیوں میں بیک وقت جاری پیور بلاک کی تنصیب کے کام کا بھی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،نائب امیرجماعت اسلامی ضلع شمالی احمراحمد خان، مختلف یونین کونسلزکےچیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ ماضی میں نیو کراچی ٹاؤن کے متعدد سیکٹرز، بالخصوٓص سیکٹر 5-D،سیکٹر 5-E، سیکٹر 5-F سیکٹر 5-G میں برسوں تک ترقیاتی کام نہیں کیے گئے، جس کے باعث یہ علاقے کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگے تھے۔ پارکس، کھیل کے میدان، اسٹریٹ لائٹس، سیوریج اور پانی جیسے بنیادی مسائل انتہائی خراب صورتحال اختیار کر چکے تھے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ بلدیاتی نمائندوں نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی ان علاقوں میں تیزی سے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا اور اس امر کو یقینی بنایا گیا کہ تمام منصوبے معیاری اور دیرپا ہوں تاکہ عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔چیئرمین محمد یوسف کا کہنا تھا کہ آج کراچی کی 87 یونین کونسلوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کی ایک بڑی وجہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے ہیں جو اپنے ٹاؤنز اور یونین کونسلز میں عملی طور پر کام کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ترقیاتی کاموں میں مثبت مقابلے کی روایت قائم کی ہے، جس کے نتیجے میں دیگر سیاسی جماعتیں بھی عوامی فلاح کے منصوبوں پر توجہ دینے پر مجبور ہوئی ہیں، جو درحقیقت عوام کے مفاد میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں 600 گلیوں کے منصوبے کے تحت مختلف سیکٹرز میں پیور بلاک کی تنصیب کے ذریعے گلیوں کو پختہ کیا گیا ہے جبکہ یہ کام اب بھی مرحلہ وار جاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پارکس کی تعمیر، واٹر پارک کا قیام، سڑکوں کی تعمیر اور سیوریج و پانی کی لائنوں پر بھی بیک وقت کام کیا گیا، جس پر ٹاؤن کے بجٹ کا بڑا حصہ صرف کیا گیا۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے KMC کے سالانہ بجٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 55 ارب روپے سالانہ کے بجٹ کے باوجود گزشتہ ڈھائی سال میں نیو کراچی کی ایک اہم سڑک، شفیق موڑ سے اللہ والی تک، تعمیر نہ ہو سکنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے اپیل کی کہ وہ نیو کراچی ٹاؤن کے عوام کے مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے اس سڑک کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروائیں۔انہوں نے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔آخر میں چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کا تسلسل ناگزیر ہے کیونکہ اگر یہ عمل رک جائے تو مسائل مزید سنگین ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی سہولیات کی حفاظت کو یقینی بنائیں کیونکہ یہ تمام منصوبے عوام ہی کے ٹیکس کے پیسوں سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *