پی ٹی اے کا بڑا فیصلہ، کسی اور نام پر جاری سمز جلد بند کی جائیں گی
اسلام آباد(بولونیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں جاری وہ تمام موبائل فون سمز جو صارفین کے اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ نہیں ہیں، جلد بلاک کر دی جائیں گی۔ پی ٹی اے کے مطابق اب ہر شہری کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ استعمال کی جانے والی تمام سمز اپنے ہی نام پر رجسٹرڈ کروائے، بصورتِ دیگر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کسی دوسرے شخص کے نام پر رجسٹرڈ سم استعمال کرنا نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ ایسی سم کے کسی بھی غلط استعمال کی مکمل ذمہ داری اُس صارف پر عائد ہوگی جس کے نام پر سم جاری کی گئی ہے۔
قانونی ضابطے کے تحت ایک فرد زیادہ سے زیادہ آٹھ (8) سمز اپنے نام پر جاری کروا سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ یہ جاننے کے لیے کہ ان کے شناختی کارڈ پر کتنی سمز جاری ہیں، اپنا شناختی کارڈ نمبر 668 پر بھیجیں۔ انہیں فوری طور پر ایس ایم ایس کے ذریعے تمام تفصیلات فراہم کر دی جائیں گی۔
اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیرقانونی سم کے استعمال سے گریز کریں اور اپنی سمز بروقت بائیومیٹرک تصدیق کے بعد رجسٹرڈ کروا کر کسی بھی ممکنہ قانونی پیچیدگی سے خود کو محفوظ رکھیں۔


