ملیر شاہ لطیف، ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی کا ڈرامہ کرنے والا منیجر گرفتار، تین ساتھی بھی پکڑے گئے
کراچی(بولونیوز)ملیر شاہ لطیف پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پولٹری فارم کے اُس منیجر کو گرفتار کر لیا جس نے اپنے ہی مالک سے ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر مزید تین ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق گرفتار ملزمان میں سابق پولیس اہلکار کا بیٹا بھی شامل ہے۔ ڈکیتی میں ملوث افراد کی شناخت ساجد، حسن اور عبدالطیف کے ناموں سے کی گئی ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 54 لاکھ روپے نقد رقم، دو پستول اور پانچ موبائل فون بھی برآمد کیے ہیں۔
ایس ایس پی ملیر کا مزید کہنا تھا کہ 30 لاکھ روپے ملیر جیل اسٹاف کالونی میں واقع ایک گھر سے برآمد کیے گئے۔
گرفتار مرکزی ملزم عبدالمنان پولٹری فارم میں بطور منیجر تعینات تھا۔ پولیس کے مطابق منیجر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد عبدالمنان نے ایک گینگ بنایا اور منصوبہ بندی کے تحت مالک سے ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردات کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور توقع ہے کہ مزید اہم انکشافات سامنے آئیں گے۔


