معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر وکلاء کے گروہ کا حملہ، شدید زخمی، عدالت میں کشیدگی
کراچی(بولونیوز)معروف یوٹیوبر رجب بٹ پر سٹی کورٹ کے احاطے میں وکلاء کے ایک گروہ نے اچانک حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے دوران رجب بٹ کے منہ اور جبڑے سے خون بہنے لگا، جس کے بعد عدالتی احاطے میں خوف اور کشیدگی پھیل گئی۔
رجب بٹ عبوری ضمانت کے سلسلے میں عدالت میں پیش ہوئے تھے، تاہم اچانک حملے کے باعث وہ زمین پر گر گئے اور فوری طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔ پولیس اور عدالتی عملے نے واقعے کے فوراً بعد موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پا لیا۔
ذرائع کے مطابق حملے کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہو سکیں، اور وکلاء تنظیموں کی جانب سے اس واقعے پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ واقعے کے بعد سٹی کورٹ کے احاطے میں سائلین اور دیگر افراد میں شدید تشویش اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
عدالت نے رجب بٹ کی عبوری ضمانت میں 13 جنوری تک توسیع کر دی۔ عدالتی کارروائی مختصر رکھی گئی اور زخمی یوٹیوبر کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ قریبی ذرائع کے مطابق رجب بٹ کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں مزید طبی معائنے کے لیے اسپتال میں زیرِ نگرانی رکھا گیا ہے۔


