مرغیوں کے پولٹری فارم کے تاجر سے ایک کروڑ روپے کی ڈکیتی کرنے والا گروہ گرفتار

کراچی(بولونیوز) شاہ لطیف پولیس نے شہرِ قائد میں پولٹری فارم کے مالک سے اسلحہ کے زور پر ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم لوٹنے والے ڈکیت گروہ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق واردات دو روز قبل شاہ لطیف کے علاقے میں پیش آئی، جس میں ملزمان نے اسلحہ کے زور پر مالک کو نشانہ بنایا اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔ متاثرہ شخص پولٹری فارم اور مرغیوں کی دکان کا مالک ہے۔

شاہ لطیف پولیس نے جدید ٹیکنیکل ذرائع استعمال کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول بمعہ راؤنڈز، 7 موبائل فونز اور دورانِ واردات چھینی گئی 54 لاکھ 64 ہزار روپے سے زائد نقد رقم برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سے ایک شخص تاجر کی دکان پر بطور مینیجر کیشیئر کام کرتا تھا اور اس نے واردات میں سہولت کاری فراہم کی۔

گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالطیف، ساجد، حسن ایاز اور عبدالمنان کے نام سے ہوئی ہے، اور ان کے مزید کریمنل ریکارڈ کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جبکہ مزید تفتیش بھی جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *