سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک
باجوڑ(بولونیوز)سیکیورٹی فورسز نے 29 دسمبر 2025 کو ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کا ہدف بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے عناصر تھے۔
ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو انتہائی مہارت سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں پانچ بھارتی پراکسی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بےگناہ شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں میجر عادل زمان (عمر 36 سال، رہائشی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان) جامِ شہادت نوش کر گئے۔ شہید میجر عادل زمان اگلے مورچوں پر اپنے دستے کی قیادت کر رہے تھے اور دشمن کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے مادرِ وطن کی حفاظت کی خاطر اپنی جان قربان کرکے اعلیٰ رتبۂ شہادت پر فائز ہوئے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں مزید کسی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائی وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور شدہ سیکیورٹی اقدامات کے تحت کی گئی، اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ایسے آپریشنز جاری رہیں گے۔


