سُسر پر قاتلانہ حملہ کرنے والا داماد اور اس کا والد گرفتار، تیسرا ملزم فرار
کراچی(بولونیوز)گارڈن پولیس نے گزشتہ رات عثمان آباد میں سُسر پر قاتلانہ حملے میں ملوث دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ ایس ایس پی سٹی کے مطابق حملہ آور اور زخمی ہونے والے افراد آپس میں رشتے دار ہیں۔
ایس ایچ او گارڈن حنیف سیال کے مطابق ملزمان نے چھریوں کے وار کرکے راشد اور زاہد کو زخمی کیا تھا اور واقعہ کے بعد فرار ہو گئے تھے۔ پولیس نے واقعہ میں ملوث باپ اور بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ملزمان میں تابش ولد صالحین اور صالحین ولد محمد یاسین شامل ہیں، جبکہ تیسرا ملزم شہروز ولد صالحین فرار ہے۔ تیسرا ملزم گرفتار کرنے کے لیے پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
ایس ایچ او گارڈن نے واقعہ کا مقدمہ اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت درج کیا ہے اور گرفتار ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


