اپنی خوشیوں کوسائبر مجرموں کا نشانہ بننےسےبچائیں،عوام کے لیے اہم ہدایات جاری
لاہور(بولونیوز)نئے سال کی آمد کے موقع پر آن لائن فراڈ کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر نیشنل سائبر کرائمز انویسٹی گیشن اتھارٹی (این سی سی آئی اے) نے عوام کے لیے حفاظتی الرٹ جاری کردیا۔اتھارٹی کے مطابق نئے سال کی مبارکباد کے نام پر مشتبہ لنکس اور جعلی انعامی پیغامات سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس پر گردش کررہے ہیں۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی نامعلوم لنک پر کلک نہ کریں اور اپنا واٹس ایپ ویری فکیشن کوڈ کسی کے ساتھ شیئر کرنے سے گریز کریں۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اپنی خوشیوں کو سائبر مجرموں کا نشانہ بننے سے بچائیں اور فراڈی عناصر سے ہوشیار رہیں۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ فراڈ کرنے والے افراد جعلی ایپ فائلز اور میلویئر پر مشتمل لنکس کے ذریعے واٹس ایپ پر نئے سال کے مبارکبادی کارڈز بھیج رہے ہیں۔
ان پیغامات میں کارڈ دیکھنے یا حاصل کرنے کے لیے دیے گئے لنکس پر کلک کرنے کا کہا جاتا ہے۔ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسے لنکس فون ہیک ہونے کا سبب بن سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں موبائل میں موجود ذاتی ڈیٹا، تصاویر، رابطہ نمبرز اور بینک اکاؤنٹ کی معلومات سائبر مجرموں کے ہاتھ لگنے کا خطرہ ہوتا ہے۔


