آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا سینٹرل پولیس آفس کراچی میں جدید ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح

کراچی(بولونیوز)انسپکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں جدید ڈیجیٹل لائبریری کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جیز آپریشنز، ٹریننگ، ڈی آئی جیز ہیڈ کوارٹر، ٹریننگ، آئی ٹی، ٹی اینڈ ٹی، کرائم اینڈ انویسٹی گیشن سمیت پی ڈی آئی ٹی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

جدید ڈیجیٹل لائبریری میں قانون، پولیس رولز، عدالتی فیصلوں اور تحقیقاتی مواد کو ڈیجیٹل شکل میں فراہم کیا گیا ہے۔ لائبریری سندھ پولیس کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے عام عوام اور پولیس ملازمین دونوں کے لیے دستیاب ہوگی۔
ڈیجیٹل لائبریری لنک: www.sindhpolice.gov.pk/digital-library

حکام کے مطابق لائبریری کو مختلف سرکاری و غیرسرکاری قانونی اداروں اور تحقیقی تنظیموں کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جس سے تحقیق اور پیشہ ورانہ مطالعے کے عمل میں مزید بہتری آئے گی۔

افتتاح کے موقع پر ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر نے لائبریری کی تزئین و آرائش سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ ڈی آئی جی آئی ٹی اور پی ڈی آئی ٹی نے ڈیجیٹل لائبریری کے نظام اور اس کی سہولیات پر تفصیلی آگاہی فراہم کی۔

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ ڈیجیٹل لائبریری سندھ پولیس کے تاریخی اور تحقیقی مواد کی فوری اور مؤثر دستیابی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ لائبریری پولیس افسران اور تحقیق کاروں کے لیے ایک اہم معلوماتی مرکز کا کردار ادا کرے گی۔

آئی جی سندھ نے تمام افسران و ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ ڈیجیٹل لائبریری سے استفادہ کریں اور اسے اپنے پیشہ ورانہ علم میں اضافے کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے مزید احکامات جاری کیے کہ لائبریری کو تمام پولیس ٹریننگ سینٹرز کی لائبریریوں کے ساتھ بھی منسلک کیا جائے تاکہ تربیتی عمل کو جدید خطوط پر استوار کیا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ “تمام قانونی اور تحقیقی مواد ایک کلک پر سندھ پولیس کی ڈیجیٹل لائبریری میں دستیاب ہوگا، جو محکمہ پولیس کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب اہم قدم ہے۔”

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *