سندھ بھر میں نجی تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی تیز، 33 اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ
کراچی(بولونیوز)سندھ بھر میں نجی تعلیمی اداروں کے خلاف ضابطہ جاتی کارروائی مزید تیز کردی گئی ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز، سندھ نے مختلف خلاف ورزیوں پر 33 نجی اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ جبکہ 10 اسکولوں پر جرمانے عائد کردیے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر پروفیسر رفیعہ ملاح کے مطابق کارروائی درخواست نمبر 1592/2025 پر 19 اکتوبر کو جاری کیے گئے فیصلے کی روشنی میں کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ صوبے بھر میں نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں، رجسٹریشن اور دیگر انتظامی معاملات کی جامع جانچ پڑتال کے بعد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کراچی میں 13 اور حیدرآباد میں 20 نجی اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کی گئی ہے، جبکہ 10 اسکولوں پر فیسوں میں غیر قانونی اضافے اور دیگر بے ضابطگیوں کے باعث جرمانے عائد کیے گئے۔
ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ ضابطہ جاتی کارروائیاں جاری رہیں گی اور آئندہ بھی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔


