گھٹیا کوالٹی کی بطخ ایکسپورٹ مقدمہ، عدالت نے ملزم قاسم کی ضمانت منظور کر دی
کراچی(بولونیوز)عدالت نے گھٹیا معیار کی بطخ ایکسپورٹ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم قاسم کی ایک لاکھ روپے ضمانت منظور کر دی۔
ملزم کے خلاف مقدمہ چینی شہری لیو لنگ نے درج کرایا تھا، تاہم عدالت نے کہا کہ مقدمے میں ابہام موجود ہے اور مزید انکوائری کی ضرورت ہے۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ مدعی اور ملزم کے تعلق کا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا اور ریکارڈ میں کوئی دستاویزات موجود نہیں جو یہ ثابت کر سکیں کہ چین سے کوئی شکایت موصول ہوئی تھی۔
وکیل درخواست گزار محمد جمیل ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ کوئی ثبوت موجود نہیں کہ ملزم کے ذریعے بطخ ایکسپورٹ کرائی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ کمرشل کورٹ کا ہے اور پولیس اس میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
پولیس کے مطابق مقدمہ نیوکراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے 10 جولائی 2025 کو درج کیا تھا۔


