گھریلو تشدد کے مقدمے میں خاتون کے شوہر اور دیور بری،

کراچی(بولونیوز) عدالت نے گھریلو تشدد کے مقدمے میں خاتون صبا انجم کے شوہر اور دو دیوروں کو بری کر دیا۔ ملزموں میں شیراز، فراز اور ایاز شامل تھے۔

پولیس کے مطابق صبا انجم نے شادی کے سات ماہ بعد پنکھے سے لٹک کر خودکشی کر لی تھی۔ عدالت نے واضح کیا کہ خودکشی پر شوہر اخلاقی طور پر ذمہ دار ہے، مگر پاکستانی قانون کے تحت خودکشی پر اکسانے والوں کو سزا دینا ممکن نہیں۔

عدالت نے بتایا کہ واقعہ کے وقت کمرہ اندر سے بند تھا، اس لیے مقدمے میں واقعہ خودکشی کے طور پر ثابت ہوا۔ صبا انجم نے خودکشی سے قبل ایک خط میں گھریلو تشدد کا ذکر کیا تھا۔

عدالت نے کہا کہ شوہر نے بیوی کو سسرالی ظلم سے بچانے میں ناکامی اور غفلت دکھائی، جبکہ بھائیوں کے خلاف براہ راست شواہد نہ ہونے کی وجہ سے انہیں بری کیا گیا۔

عدالت نے بھارتی قانون 306 اور 498 اے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ ڈومیسٹک وائلنس ایکٹ ناکافی ہے اور سزا بہت کم ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ کئی خواتین ظلم سہتی ہیں، کچھ بچ نکلتی ہیں، اور کچھ جان دے دیتی ہیں، مگر قانون کی خامیوں کی وجہ سے ملزموں کو سزا نہیں دی جا سکتی۔

پراسیکیوٹر حنا ناز نے عدالت کو بتایا کہ شوہر کا رویہ غیر حفاظتی اور غفلت پر مبنی تھا۔ ملزموں کے خلاف مقدمہ تھانہ خواجہ اجمیر نگری میں درج کیا گیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *