کیماڑی میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ سرچ آپریشن، متعدد مقامات کی تلاشی
کراچی(بولونیوز) شہر قائد کے علاقے کیماڑی کے مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز نے جرائم پیشہ عناصر کی ممکنہ موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔
پولیس کے مطابق بھاری نفری نے علاقے کے متاثرہ حصوں میں داخل ہو کر گھر گھر تلاشی لی، جبکہ آپریشن کے دوران داخلی و خارجی راستوں کو مکمل طور پر سیل کیا گیا تاکہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت روکی جا سکے۔
کارروائی میں کیماڑی پولیس کی خواتین اہلکار بھی شریک تھیں، جنہوں نے خواتین کی تلاشی کے عمل میں حصہ لیا۔
پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران بند اور مشکوک عمارتوں، ہوٹلوں اور چائے کے کھوکھوں کی جامع تلاشی لی گئی، جبکہ چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھے مشکوک افراد کا مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور جرائم کے تدارک کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔


