کراچی بار الیکشن میں نیا تنازع، چیف الیکشن کمشنر حق نواز تالپور مستعفی
کراچی(بولونیوز) کراچی بار کے الیکشن میں تنازع کے بعد چیف الیکشن کمشنر حق نواز تالپور ایڈووکیٹ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے استعفیٰ خط کے ذریعے کراچی بار کو بھجوا دیا۔
حق نواز تالپور نے 21 دسمبر کو بطور چیف الیکشن کمشنر ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر تمام امیدواروں کے ساتھ اجلاس میں درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آزاد اور شفاف انتخابات کے لیے 200 سے زائد غیر جانبدار پولنگ اسٹاف درکار تھا اور امیدواروں سے مشاورت کے بعد 17 جنوری کو پولنگ کا اعلان کیا گیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر نے خط میں مزید کہا کہ کچھ امیدواروں نے ابتدائی اتفاق رائے کے باوجود سیاسی مفادات کے تحت معاملات کو متنازع بنایا اور سوشل میڈیا پر ذاتی حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی فیصلے کو ذاتی فیصلہ قرار دے کر بار کے جمہوری اصولوں اور وقار کو نقصان پہنچایا گیا۔
حق نواز تالپور نے کہا کہ اگر نیک نیتی سے کیے گئے فیصلے پر عملدرآمد ممکن نہ ہو تو عہدے پر رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں، اور بغیر ضمیر کے اختیار کھوکھلا، آزادی اور عزت بے معنی ہو جاتی ہے۔


