ٹیکساس میں میکسیکن نیوی کا طیارہ حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک
ٹیکساس(بولونیوز)امریکی ریاست ٹیکساس کے ساحلی شہر گیلوَیسٹن کے قریب میکسیکن نیوی کا ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق طیارہ ایک ایک سالہ بیمار بچے کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے منتقل کر رہا تھا، جبکہ طیارے میں مجموعی طور پر 8 افراد سوار تھے۔ میکسیکو کی بحریہ نے بتایا کہ حادثے کے بعد 4 افراد کو زندہ نکال لیا گیا، جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری رہا۔
بحریہ کے مطابق طیارے میں 4 نیوی افسران اور 4 عام شہری سوار تھے، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ہلاک یا لاپتا افراد میں کون شامل ہیں۔
میکسیکن نیوی نے تصدیق کی ہے کہ طیارہ ایک طبی مشن پر تھا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


