نیوکراچی میں منشیات کی کھلی فروخت، پولیس خاموش تماشائی
کراچی(بولونیوز)ڈسٹرکٹ سینٹرل تھانہ نیوکراچی کی حدود میں منشیات کی کھلی فروخت کا سلسلہ جاری ہے اور شہری شدید تشویش کا شکار ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق آن لائن ڈیلیوری، انڈین پان پراگ، مین پوری، اور گٹگے ماوا جیسی زہریلی اشیاء ہر گلی، چوراہے اور کیبن پر کھلے عام دستیاب ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوکراچی کے ان علاقوں میں منشیات کا کاروبار صرف ایک غیرقانونی دھندہ نہیں رہا بلکہ منظم آرگنائزڈ کرائم نیٹ ورک کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ بااثر منشیات فروش نے مختلف سیکٹرز پر مکمل کنٹرول قائم کر رکھا ہے اور اپنی مخصوص ٹیم کے ذریعے اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔
شہریوں کے مطابق نیوکراچی ٹریفک سیکشن کے سامنے اور متعدد پوائنٹس پر گٹگے ماوا اور دیگر نشہ آور اشیاء کھلے عام فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ اس کی ویڈیوز بھی منظر عام پر آ چکی ہیں، لیکن اس کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔
مقامی افراد اور غیر مصدقہ ذرائع نے الزام لگایا ہے کہ کچھ بیٹرز اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ جاری ہے، جس کی وجہ سے علاقے میں کسی بھی قسم کی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی اور پولیس افسران صرف خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
ان غیر قانونی سرگرمیوں کے باعث علاقہ مکین شدید پریشان ہیں اور نوجوان نسل خطرے میں ہے۔ والدین اور بزرگ شہری اپنی بے بسی پر نوحہ کناں ہیں، جبکہ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رینجرز یا اینٹی نارکوٹکس فورس فوری طور پر حرکت میں آئے اور اس منظم نیٹ ورک کو توڑا جائے۔
عوامی حلقوں، سیاسی و سماجی تنظیموں اور انسانی حقوق کے اداروں نے بھی اعلیٰ حکام سے شفاف تحقیقات اور فوری کریک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے تاکہ نیوکراچی کی عوام کو منشیات کے اس خطرناک نیٹ ورک سے آزاد کرایا جا سکے۔


