موجودہ معاشی و سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد حل عمران خان کی رہائی ہے
کراچی(بولونیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی ڈویژن کے سینیئر نائب صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی فہیم خان نے کہا ہے کہ ملک اس وقت شدید معاشی اور سیاسی بحران کا شکار ہے اور اس سے نکلنے کا واحد اور مؤثر حل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی ہے۔
فہیم خان نے خبردار کیا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں، سیاسی انتقام اور غیر جمہوری رویے نے ملک کو دیوالیہ پن کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، جس کے نتیجے میں عوام مہنگائی، بے روزگاری اور معاشرتی بدحالی کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ملک کی معیشت مکمل طور پر تاریکی میں دھکیل دی جائے گی، سرمایہ کاری کا ماحول تباہ ہو چکا ہے، صنعتیں بند ہو رہی ہیں اور نوجوان مایوسی کا شکار ہیں۔ فہیم خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ہی ملک کو معاشی استحکام، سیاسی استقامت اور عالمی سطح پر وقار حاصل ہوا تھا اور آج بھی عوام کی اکثریت ان پر اعتماد کرتی ہے۔
سابق ایم این اے نے زور دیا کہ ملک کے حالات ایک نازک موڑ سے گزر رہے ہیں، ایسے میں سیاسی محاذ آرائی کے بجائے قومی اتحاد، آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی مینڈیٹ کا احترام ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا حل طاقت یا جبر نہیں بلکہ مذاکرات اور جمہوری اصولوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
فہیم خان نے خبردار کیا کہ اگر 80 فیصد عوامی مینڈیٹ والی جماعت پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی کوششیں جاری رہیں تو اس کے نتائج بہتر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عمران خان کو رہا کیا جائے تاکہ ملک کو دوبارہ استحکام اور ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔


